حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ جیکب آباد علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد سندھ کی جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: سورۂ منافقون امتِ مسلمہ کو متوجہ کرتی ہے کہ منافقین ہر دور میں دینِ اسلام، رہبر مسلمین اور اہلِ ایمان کے لیے بڑا خطرہ رہے ہیں، لہٰذا امت کو دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں بیدار، متحد اور با بصیرت رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا: تاریخِ اسلام گواہ ہے کہ منافقین نے ہمیشہ اسلام کو اندر سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ عہدِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی منافقین نے مسجدِ ضرار قائم کرکے مسلمانوں میں انتشار اور کمزوری پیدا کرنے کی سازش کی۔ اسی طرح امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے خلاف بھی اہلِ نفاق نے سازشیں کیں اور باطل قوتوں کے لشکر اہلِ بیت علیہم السلام کے مقابلے میں لائے گئے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: آج بھی حق اور اہلِ حق کے خلاف سازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور فرقہ وارانہ نفرتوں کو ہوا دے کر امتِ مسلمہ کو تقسیم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ موجودہ حالات میں مومنین کو بصیرت، اتحاد اور شعوری بیداری کے ساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

سوشل میڈیا کو دفاعِ حق اور تبلیغِ دین کا مؤثر میدان بنایا جائے
امام جمعہ جیکب آباد نے کہا: محاذِ جنگ کے ساتھ ساتھ دشمن میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اپنے مقاصد کے حصول کی کوشش کر رہا ہے، اس لیے سوشل میڈیا کو محض تفریح کا ذریعہ سمجھنے کے بجائے فکر، شعور، دفاعِ حق اور تبلیغِ دین کا مؤثر میدان سمجھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا: بیدار، شجاع اور با بصیرت مومنین کو جھوٹے پروپیگنڈے، فرقہ واریت اور گمراہ کن اطلاعات کا علمی اور مدلل انداز میں جواب دینا چاہیے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے اسے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا۔
شہید سید حسن نصراللہ کا کردار اور مقام قابلِ تحسین ہے
انہوں نے رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے شہید سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی کے موقع پر جاری کیے گئے حالیہ پیغام کا بھی ذکر کیا اور کہا: یہ پیغام اہلِ ایمان کے لیے روشنی، بصیرت اور رہنمائی کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا: رہبرِ مسلمین کی جانب سے شہید سید حسن نصراللہ کے کردار اور مقام کو جس انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا، وہ ان کی مجاہدانہ زندگی اور مکتبِ مقاومت میں ان کے تاریخی کردار کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔

23 اکتوبر کو جیکب آباد میں ’’عظمتِ شہداء کانفرنس‘‘ ہوگی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اعلان کیا کہ 23 اکتوبر کو جیکب آباد میں سانحۂ شبِ عاشور کے شہداء کی گیارہویں برسی کے موقع پر عظیم الشان اجتماع اور ’’عظمتِ شہداء کانفرنس‘‘ منعقد ہوگی، جس میں سندھ اور بلوچستان بھر سے علما، اکابرین، دینی و سماجی شخصیات اور مومنین کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا: شہدائے راہِ حق کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا، ان کے پیغام کو زندہ رکھنا اور نئی نسل کو ان کی جدوجہد و قربانیوں سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔











آپ کا تبصرہ